اڑیسہ25 ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے پیر کو کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’ مودی فوبیا‘ کا شکار ہیں اور ملک کی ترقی کے لئے ان کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ شاہ نے کہا کہ وہیں این ڈی اے میں بی جے پی کے تمام ساتھی متحد ہیں اور بھارت کو دنیا کا نمبر ایک ملک بنانے کے لئے ’پرعزم‘ ہیں۔ اڑیسہ میں نوین پٹنائک کی بیجو جنتا دل حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معدنی املاک امیر ریاست کی پسماندگی اور غربت کے لئے یہاں کی ریاستی حکومت ذمہ دار ہے۔انہوں نے خواتین کی کانفرنس میں کہا کہ 2019 کے انتخابات میں اسے اقتدار سے ہٹایا جانا یقینی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ کانگریس اور تمام اپوزیشن پارٹی بھارت کو توڑنے کے لئے متحد ہوکر کام کر رہے ہیں جبکہ مودی بھارت کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم غربت ختم کرنا چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن’’ مودی ہٹاؤ‘‘ چاہتا ہے۔مودی بے روزگاری ختم کرنا چاہتے ہیں جبکہ اپوزیشن انہیں ہٹانا چاہتا ہے۔امیت شاہ نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی مخصوص ایجنڈا نہیں ہے، کوئی لیڈر نہیں ہے اور نہ کوئی پالیسی ہے۔ ان کا واحد مقصد مودی کو ہٹانا ہے کیونکہ وہ مودی فوبیا کے شکار ہیں۔اڑیسہ کی بیجو جنتا دل حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوین پٹنائک حکومت اڑیسہ میں اقتدارکا حق کھو چکی ہے کیونکہ یہاں معدنی املاک کی سرپرستی کے باوجود ریاست پسماندہ ہے۔